کوٹ ادو :رمضان سے قبل مہنگائی میں اضافے کا خدشہ
پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے دوہرا بوجھ ثابت ہوگا:تاجر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے مہنگائی کے نئے سلسلے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے ۔ اس سے روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ جیسے سبزیاں، پھل، آٹا، چینی، دالیں اور گھی مہنگے ہونے کا امکان ہے ۔تاجروں اور محنت کش، دیہاڑی دار طبقے کے مطابق رمضان میں پہلے ہی اخراجات بڑھ جاتے ہیں اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے دوہرا بوجھ ثابت ہوگا۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ براہِ راست ٹرانسپورٹیشن لاگت بڑھاتا ہے ، جس سے منڈیوں سے شہروں تک اشیاء کی ترسیل مہنگی ہو جاتی ہے اور صارفین کو اضافی اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں۔شہریوں اور تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان میں خصوصی ریلیف پیکیج، پرائس کنٹرول اور سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے ممکنہ طوفان سے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔