انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک،کھلی کچہریاں
ریونیو خدمت کچہری میں 100 سے زائد درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے کھلی کچہریوں کا باقاعدہ سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق ریونیو خدمت کچہری کے دوران 100 سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو فوری احکامات جاری کیے گئے ۔ فردِ ملکیت، انتقالات، قبضہ، ریکارڈ کی درستگی اور دیگر ریونیو معاملات پر بروقت فیصلے کیے گئے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور پٹواری بھی موجود تھے تاکہ عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری اقدامات کیے جائیں گے اور کسی بھی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی مسائل کے بروقت حل کو ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور شفاف طریقے سے معاملات نمٹائیں۔کھلی کچہری کے انعقاد پر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوام دوست قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔