ایم ڈبلیو ایم سی:رمضان کیلئے جامع اور خصوصی صفائی پلان تشکیل

ایم ڈبلیو ایم سی:رمضان کیلئے جامع اور خصوصی صفائی پلان تشکیل

شہر بھر میں عبادت گاہوں، مساجد، بازاروں، ہسپتالوں اور اہم شاہراہوں پر مثالی صفائی انتظامات ، داخلی و خارجی راستوں پر جدید مشینری کے ذریعے دھلائی کا عمل جاری ،سی ای او عابد حسین بھٹی

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اور خصوصی صفائی پلان تشکیل دے دیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت شہر بھر میں عبادت گاہوں، مساجد، بازاروں، ہسپتالوں اور اہم شاہراہوں پر مثالی صفائی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھاری مشینری کے ذریعے خصوصی صفائی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مساجد، عیدگاہوں اور اہم عمارات کے روٹس کو مکمل طور پر صاف کیا گیا۔ رمضان بازاروں، دسترخوانوں اور ہسپتالوں کے اطراف میں بھی بھرپور صفائی مہم جاری رہی مہم کے دوران شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر جدید مشینری کے ذریعے دھلائی کا عمل جاری رہا جبکہ سڑکوں اور چوکوں کو بھی صاف ستھرا بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی فیلڈ ٹیمیں دن رات متحرک رہیں اور صفائی کے معیار کو بررار رکھنے کے لیے مسلسل کام کرتی رہیں ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد حسین بھٹی نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے خصوصی صفائی آپریشن کا معائنہ کیا اور موقع پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی صفائی اقدامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے ۔انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صفائی مہم میں تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈال کر شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں