دراوڑ اور ہاکڑہ سے جڑے قلعوں کی بحالی کا اعلان
160 تاریخی و سیاحتی مقامات کی بحالی جاری،فورٹ عباس، جام گڑھ، موج گڑھ، نور سر ، اسلام گڑھ کے قلعوں کو مرحلہ وار بحال کیا جائیگا: مریم اورنگزیب بسنت، ہارس اینڈ کیٹل شو اور میلہ چراغاں کی بحالی سے پنجاب میں دوبارہ رونقیں لوٹ آئی ہیں:چولستان ریلی جیتنے والے ڈرائیورز میں انعامات تقسیم
بہاول پور (خبرنگار ، سٹی رپورٹر، نامہ نگار )سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں 160 تاریخی و سیاحتی مقامات کی بحالی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جن میں سے 60 مقامات رواں سال مکمل کر لیے جائیں گے ۔ انہوں نے قلعہ دراوڑ اور بالخصوص قدیم خطہ ہاکڑہ سے جڑے قلعوں فورٹ عباس، جام گڑھ، موج گڑھ، نور سر اور اسلام گڑھ کی مرحلہ وار بحالی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو، ٹیکسلا، بھیرا، چھانگا مانگا اور بانسرہ گلی سمیت دیگر مقامات کو ایکوٹورزم اور ہیریٹیج ٹورزم کے تحت ترقی دی جا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چولستان ڈیزرٹ ریلی کی تقریبِ تقسیمِ انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں صوبائی وزرا کاظم علی پیرزادہ، صہیب احمد بھرتھ، بلال اکبر خان اور پارلیمانی سیکرٹری رانا عارف اقبال، ایم پی اے صاحبزادہ گزین عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کامیاب ڈرائیورز میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جیتنے والے ڈرائیورز اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی، تھل ریلی، ثقافتی میلوں، بسنت، ہارس اینڈ کیٹل شو اور میلہ چراغاں جیسے ایونٹس کی بحالی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 سال بعد بسنت، 35 سال بعد ہارس اینڈ کیٹل شو اور 19 سال بعد میلہ چراغاں کی بحالی سے پنجاب میں دوبارہ رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں گزشتہ پانچ چھ دن سے جاری سرگرمیاں بہترین انتظامات کی عکاس ہیں اور یہ محض چند روزہ ایونٹ نہیں بلکہ خطے کی معیشت، روزگار اور سیاحت سے جڑا ایک جامع منصوبہ ہے ۔ برطانیہ، عمان، قطر اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک سے شرکاء کی شرکت پاکستان کے مثبت اور ثقافتی چہرے کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے اے ایس آئی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چولستان ڈیزرٹ ریلی کے ڈرائیورز کے تحفظ کے لیے قانون سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ آئندہ سال ڈرائیورز مکمل قانونی تحفظ کے ساتھ مقابلوں میں شریک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تمام ڈرائیورز قوم کے ہیروز ہیں اور حکومت پنجاب ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔