قصبہ گجرات :نئی سڑک پرخطرناک کٹ حادثات کا سبب
جمکو چوک تا ہسپتال چوک روڈ کے ڈیوائیڈر میں غیر قانونی راستے بند کرنیکا مطالبہ
قصبہ گجرات (نامہ نگار) جمکو چوک سے ہسپتال چوک تک تعمیر ہونے والی نئی سڑک شہریوں کیلئے سہولت کے بجائے خطرہ بنتی جا رہی ہے ۔ سڑک کے درمیان قائم ڈیوائیڈر میں مختلف مقامات پر غیر قانونی طور پر کٹ بنا دئیے گئے ہیں جس کے باعث حادثات میں اضافہ اورٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی افراد کے مطابق یہ کٹ کسی باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں بنائے گئے بلکہ چند بااثر دکانداروں اور افراد کے کہنے پر ٹھیکیدار نے اپنی مرضی سے جگہ جگہ راستے نکال دیے ۔ ان راستوں سے موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے اچانک سڑک عبور کرتے ہیں جس سے تیز رفتار ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں اور کئی بار قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ ڈیوائیڈر ٹریفک کو محفوظ بنانے کیلئے بنایا جاتا ہے مگر غیر ضروری کٹوں نے سڑک کو مزید خطرناک بنا دیا ہے ۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے ، غیر قانونی کٹ بند کرنے اور سڑک کو حفاظتی اصولوں کے مطابق بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے ۔