رمضان المبارک کی آمد اور ماچھیوال سستے بازارسے محروم
شہری دکانداروں کے رحم و کرم پر، وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ
ماچھیوال (نامہ نگار)رمضان المبارک کی آمد کے باوجود ماچھیوال میں سستا رمضان بازار قائم نہ ہو سکا جس کے باعث شہری شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ ماچھیوال سینکڑوں دیہات کا مرکز ہے لیکن اس کے باوجود یہاں سستے رمضان بازار کی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور لوگوں کو دکانداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سستا رمضان بازار غریب اور متوسط طبقے کیلئے بڑی سہولت ثابت ہوتا ہے جہاں آٹا، چینی، دالیں، گھی، بیسن، سبزیاں اور پھل مناسب نرخوں پر دستیاب ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار نہ ہونے کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور عام آدمی کی قوت خرید جواب دے رہی ہے ۔اویس، عدنان، رحمان، خلیل، عبداللہ اور بلال شکور سمیت دیگر شہریوں نے مریم نواز شریف، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ماچھیوال میں سستا رمضان بازار قائم کیا جائے تاکہ شہری مناسب نرخوں پر اشیاء خرید کر ماہ مقدس کے روزے سہولت سے رکھ سکیں۔