رمضان سہولت بازار میں عوامی سہولتیں یقینی بنانے کی ہدایت

رمضان سہولت بازار میں عوامی سہولتیں یقینی بنانے کی ہدایت

ڈی سی کوٹ ادو کا معیاری و سستی اشیاء ضروریہ کی فراہمی ،سٹالزاور صفائی کا جائزہ

کوٹ ا دو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان سہولت بازار کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی، مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی، پھل، آٹا، چینی، دالوں اور دیگر ضروری اشیاء کے سٹالز کا معائنہ کیا اور قیمتوں کی فہرستیں نمایاں جگہوں پر آویزاں رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ رمضان سہولت بازار میں صفائی ستھرائی، سایہ دار جگہ، پینے کے صاف پانی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہمہ وقت متحرک ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے ۔ اس دوران وہ موقع پر موجود شہریوں سے بھی گفتگو کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں ان کی رائے دریافت کرتے رہے اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں