رمضان المبارک میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

رمضان المبارک میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

سنگین مقدمات میں ملوث ملزموں کو فوری گرفتارکیا جائے ،ڈی پی اولودھراں

لودھراں (سٹی رپورٹر) ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق کی زیر صدارت ضلع پولیس کی کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر میں جرائم کی مجموعی صورتحال، زیر تفتیش مقدمات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں سرکل وائز پولیس کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہر تھانہ میں زیر تفتیش مقدمات، چالان کی تیاری اور بروقت تکمیل پر خصوصی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، محرران اور مختلف برانچوں کے انچارجز نے شرکت کی۔ڈی پی او نے ہدایت کی کہ چالان مکمل چھان بین اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی پراسیکیوشن کو بھجوائے جائیں تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانا ممکن ہو۔ انہوں نے سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری، مؤثر سراغ رسانی اور برآمدگی یقینی بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے واضح کیا کہ خواتین، بچوں اور کمزور طبقات سے متعلق مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور ہراسگی و تشدد کے کیسز میں میرٹ پر شفاف تفتیش کی جائے ۔ میٹنگ میں رمضان المبارک کے دوران مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی، سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں ہائی الرٹ ڈیوٹی اور گشت کے مؤثر نظام پر بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں