محکمہ صحت و بہبودِ آبادی کی میڈیا کیلئے خصوصی مشاورتی نشست
مقصد آگاہی مہمات میں میڈیا کا کلیدی کردار اجاگر کرنا ، تعاون کو فروغ دینا تھا
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور بہبودِ آبادی سے متعلق آگاہی کے فروغ کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایات پر محکمہ صحت و بہبودِ آبادی مظفرگڑھ کے زیرِ اہتمام صحافیوں اور کالم نگاروں کے لیے ایک خصوصی مشاورتی نشست کا انعقاد کانفرنس ہال سی ای اوو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ میں کیا گیا۔ نشست میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور کالم نگاروں نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد صحت عامہ اور بہبودِ آبادی سے متعلق جاری آگاہی مہمات میں میڈیا کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر محکمہ کے اعلیٰ حکام نے ضلع میں جاری صحت منصوبوں، حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام، ماں اور بچے کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور دیگر جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔سی او ہیلتھ ڈاکٹر فیاض گوپانگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام تک مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت میڈیا کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر اشتراک کار کو یقینی بنائے گا تاکہ صحت عامہ سے متعلق پیغامات زیادہ مؤثر انداز میں عوام تک پہنچ سکیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن فرزانہ کوثر نے بہبودِ آبادی پروگرام، خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات اور آگاہی مہمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے تعاون سے مثبت پیغام عام کرنے میں مدد ملے گی اور عوام میں شعور بیدار ہوگا۔نشست کے دوران صحافیوں اور کالم نگاروں نے اپنی تجاویز پیش کیں جنہیں سراہتے ہوئے محکمہ کے افسران نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔