فوڈ اتھارٹی کے مختلف شہروں میں چھاپے ، بھاری جرمانے

فوڈ اتھارٹی کے مختلف شہروں میں چھاپے ، بھاری جرمانے

خانیوال 2، وہاڑی میں ایک فوڈ پوائنٹ سربمہر، غیرمعیاری خوراک تلف

ملتان،وہاڑی ،لودھراں، خانیوال (لیڈی رپورٹر،نمائندہ خصوصی ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، سٹی رپورٹر،نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خوراک کی تیاری و ترسیل کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین نظر انداز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے جبکہ خانیوال میں 2 اور وہاڑی میں 1 فوڈ پوائنٹ کو اصلاح تک بند کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران 400 ساشے ممنوعہ گٹکا، 18 کلو چائنہ نمک اور 20 کلو غیر معیاری خوراک تلف کی گئی۔بستی تھہیم والی میں پاپڑ فیکٹری کو لیبلنگ اور میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

مختلف مقامات پر اچار یونٹ، بریانی پوائنٹ، ریسٹورنٹس، چائے ہوٹل اور سویاں یونٹ کو صفائی کی ناقص صورتحال، غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور ریکارڈ نہ رکھنے پر 20 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانے کئے گئے ۔خانیوال اور میاں چنوں میں کچن ایریا میں واش روم کی موجودگی، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے اور گندگی پر فوڈ پوائنٹس بند کئے گئے ۔ وہاڑی میں بیکری کو کھلے رنگ کے استعمال پر اصلاح تک بند کر دیا گیا جبکہ مختلف کریانہ سٹورز کو چائنہ نمک اور ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ممنوعہ اور غیر معیاری خوراک کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں