ملتان کے مستحق شہریوں کیلئے ایک لاکھ90ہزار نگہبان راشن کارڈز کا اجراء

ملتان کے مستحق شہریوں کیلئے ایک لاکھ90ہزار نگہبان راشن کارڈز کا اجراء

ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں گلی ، محلوں میں مستحق افراد تک راشن کارڈ پہنچارہیں، شفافیت، میرٹ مقدم، حقیقی مستحقین تک امداد پہنچائی جارہی ، ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق

ملتان (وقائع نگار خصوصی )ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع ملتان میں وزیراعلیٰ نگہبان راشن کارڈ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت مستحق اور نادار خاندانوں کو رمضان المبارک کے دوران مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ انہیں روزمرہ اخراجات میں سہولت میسر آ سکے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد نگہبان راشن کارڈ ملتان پہنچا دیئے گئے ہیں، جن کی مرحلہ وار تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں گلی محلوں کی سطح پر مستحق افراد تک راشن کارڈ پہنچا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور راشن کارڈ کی تقسیم کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ حقیقی مستحقین تک امداد بروقت پہنچ سکے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے رمضان المبارک میں نگہبان راشن کارڈ منصوبے کا آغاز کیا ہے ، جس کے تحت مستحق شہریوں کے اکاؤنٹس میں براہ راست بارہ ہزار روپے فی کس منتقل کئے جائیں گے ۔ یہ اقدام مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے اور غریب طبقے کو سہارا دینے کے لئے ایک اہم قدم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کو موثر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں