وہاڑی میں فلڈ لائٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز
رمضان میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے :ثاقب خورشید کا خطاب
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی ) رمضان المبارک کی آمد کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی ہدایت پر محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام الہلال ہاکی گراؤنڈ میں فلڈ لائٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی میچ میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ فلڈ لائٹس میں ہونے والے مقابلوں سے شائقین خوب محظوظ ہوئے ۔ مہمانان خصوصی نے بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کو داد دیتے ہوئے انعامات بھی تقسیم کیے ۔ اس موقع پر میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق رمضان میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے ، کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط اور ٹیم ورک پیدا کرتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔