سکولز کا تھیم ‘‘مثبت سوچیں، ذمہ داری سے عمل ‘‘ مقرر
سمرہ پبلک ہائی سکول میں مارننگ اسمبلی، طلبہ کو مثبت طرز فکر اپنانے کی تلقین
ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکولز کی جانب سے فروری کا تھیم ‘‘مثبت سوچیں، ذمہ داری سے عمل کریں‘‘ مقرر کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ سمرہ پبلک ہائی سکول ملتان میں خصوصی مارننگ اسمبلی کا انعقاد کیا گیا۔ اسمبلی کے دوران طلبہ نے مختلف پیغامات پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مثبت انداز میں سوچنے ، مسکرانے ، دوسروں کی مدد کرنے ، انا پر قابو رکھنے ، مقاصد طے کرنے ، ذہنی تربیت اور محنت کے ذریعے درست عمل اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی تھی۔سینئر ہیڈ ماسٹر خالد محمود خان نے کہا کہ مثبت سوچ انسان کی شخصیت کو نکھارتی ہے جبکہ مسکراہٹ دل جیتنے کا بہترین ذریعہ ہے ، اس لیے طلبہ ہر حال میں امید اور حوصلہ قائم رکھیں۔ اس موقع پر چودھری محمد علی ہاشم خان نے کہا کہ طلبہ جذبات پر قابو رکھیں، انا کو پس پشت ڈالیں اور دوسروں کی مدد کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ واضح مقاصد کے تعین کے ساتھ محنت اور دیانت داری اپنائی جائے تاکہ کامیابی حاصل کی جا سکے ۔