ڈکیتی گینگزکے 5کارندے گرفتار،30مقدمات ٹریس
ساڑھے 22لاکھ کا مال مسروقہ برآمد ،11موٹرسائیکل ، موبائل برآمد
وہاڑی (خبرنگار نمائندہ خصوصی پولیس تھانہ دانیوال نے ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین ڈکیتی و رابری گینگز کے پانچ اہم اراکین گرفتار کر لیے ۔ گرفتار ملزمان میں ابدال عرف عابد، عمران عرف مانی، مزمل، اویس اور مطیب علی شامل ہیں، جو ضلع کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث تھے ۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے مجموعی طور پر 30مقدمات ٹریس کیے گئے اور تقریباً 22لاکھ 50ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں 11 موٹر سائیکلیں، متعدد موبائل فونز، نقدی اور گھریلو اشیاء شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران اسلحہ سپلائی کرنے والے ملزم عباس کو بھی گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے تین عدد ناجائز پسٹل اور چار عدد رائفلیں برآمد ہوئیں۔ ایس ڈی پی او سرکل صدر محمد رضوان خان کی نگرانی میں یہ کامیاب کارروائی عمل میں آئی، جبکہ ایس ایچ او تھانہ دانیوال مظہر فرید گوندل اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ برآمد شدہ موٹر سائیکلیں معززین علاقہ کی موجودگی میں اصل مالکان کے حوالے کی گئیں، جس سے شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ منظم گینگز کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی اور ضلع میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس مکمل طور پر متحرک ہے ۔