شہباز شریف ہسپتال میں ہیلپ ڈیسک کو مزید بہتر کرنیکاحکم
پرچی کاؤنٹرز پر غیر ضروری تاخیر،اطراف سے تجاوزات ختم کی جائیں ،ڈی سی
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ڈی ایچ کیو شہباز شریف ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا اور ہسپتال کے سٹاف کی حاضری اور میڈیسن کے سٹاک کو بھی چیک کیا۔اس موقع پر ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر تنزیل رحمان نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کی سہولیات، سروسز اور موجودہ انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہیلپ ڈیسک کو مزید بہتر اور فعال بنانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا اور ہسپتال انتظامیہ کو پرچی کاؤنٹرز پر غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا فورس اور کارپوریشن کو فوری آپریشن کا بھی حکم دیا تاکہ مریضوں اور شہریوں کے لیے ماحول مزید سہل اور محفوظ بنایا جا سکے ۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر یہ سرپرائز وزٹ سہولیات کی اچانک انسپکشن کے مقصد سے کیا گیااور ہسپتال میں خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے کی تمام کوششیں جاری ہیں۔