شوہر تشدد کرتا ہے تحفظ فراہم کیا جائے :خاتون کی اپیل
چند روز قبل والدہ کے گھر میں آ کر شوہر نے تشدد کیا ، کارروائی کی جائے
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی )نواحی علاقہ عثمان آباد میں شوہر کے مبینہ تشدد سے تنگ آ کر والدہ کے گھر پناہ لینے والی خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے تحفظ کی اپیل کر دی ہے ۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کی شادی 12 سال قبل لاہور کے رہائشی ماجد سے ہوئی۔ شادی کے بعد پہلی بیٹی کی پیدائش پر شوہر نے جھگڑے شروع کیے اور دوسری بیٹی کے بعد تشدد میں اضافہ ہو گیا۔ تیسری مرتبہ بیٹے کی پیدائش کے باوجود اس کا رویہ تبدیل نہ ہوا۔خاتون کے مطابق شوہر کے آوارہ مزاج کی وجہ سے وہ لوگ کے کپڑے سلائی کر کے بچوں کی پرورش کرتی رہی، تاہم تشدد بڑھنے پر چار سال قبل وہ والدہ کے گھر منتقل ہو گئی۔ چند روز قبل ملزم نے اچانک گھر میں داخل ہو کر مکان کے کاغذات اور بچوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے ایک بار پکڑ کر چھوڑ دیا، جس کے بعد ملزم دوبارہ داخل ہو کر دھمکیاں اور شدید تشدد کیا، جس سے خاتون بے ہوش ہو گئی۔خاتون نے کہا کہ ہسپتال میں علاج کے بعد ہوش آیا اور اب اسے خدشہ ہے کہ ملزم دوبارہ حملہ کر سکتا ہے ، لہٰذا وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کرتی ہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔