اساتذہ و سرکاری ملازمین کی نجکاری خلاف احتجاجی ریلی
گریچوایٹی، پنشن، رول 17اے بحالی اور ڈسپیرٹی الاؤنس کے اجرا کا مطالبہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)سکولوں کی نجکاری کے خاتمے ، گریجوایٹی اور پنشن کی بحالی، رول 17-اے کی بحالی، لیو انکیشمنٹ کی بحالی، 30 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کے اجرا اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں اساتذہ اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (ایگیکا) کے زیر اہتمام ملتان میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اساتذہ اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاجی ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اپنے مقررہ مقام تک پہنچی جہاں مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں کی نجکاری کے فیصلے سے تعلیمی نظام متاثر ہوگا جبکہ ہزاروں اساتذہ اور ملازمین کا مستقبل بھی غیر یقینی ہو جائے گا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ اور ایگیکا کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے اور ملازمین کے بنیادی حقوق بحال کرے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کے لئے گریجوایٹی اور پنشن کی بحالی، رول 17-اے کی بحالی، لیو انکیشمنٹ کی بحالی اور 30 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کا فوری اجرا کیا جائے۔