ایم ڈی اے کی ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی
گلشن مہر میں 8پلاٹس واگزار، تجاوزات سے روڈ سائیڈز بھی کلیئر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے افسران شعبہ اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ اور پیرا فورس ملتان سٹی کے ہمراہ مشترکہ طور پر گلشن مہر ہاؤسنگ سکیم میں ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کی۔اس کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے 8عدد رہن شدہ/موڈگیج پلاٹس پر غیر قانونی قبضہ ختم کر کے واگزار کروا دیا گیا۔ موقع پر پختہ چاردیواریوں، آہنی گیٹس اور دیگر تعمیرات کو مسمار کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے غیر قانونی اقدامات ختم کئے گئے ۔اسی دوران ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بوسن روڈ چونگی نمبر 9 سے چونگی نمبر 6 اور سیداں والا بائی پاس چوک تک روڈ سائیڈز کو تجاوزات سے کلیئر کروا دیا، جس سے شہریوں کے لیے راستے اور ٹریفک روانی بہتر ہوئی۔ایم ڈی اے حکام نے کہا کہ غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف اقدامات مستقل طور پر جاری رہیں گے تاکہ شہر میں قانون کی حکمرانی قائم رہے اور شہریوں کے حقوق محفوظ رہیں۔