کمشنر ملتان نے کلمہ چوک سڑک منصوبہ کا افتتاح کردیا
ملتان (وقائع نگار خصوصی)شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی بہتری کے لئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کلمہ چوک پر سڑک کی کشادگی اور دیوار کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
کمشنر نے بتایا کہ مسلم سکول کلمہ چوک کے سامنے 600 فٹ طویل سڑک کی توسیع اور دیوار کی تزئین مکمل کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہر کی جمالیاتی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ سڑک کی چوڑائی 24 فٹ سے بڑھا کر 36 فٹ کی گئی ہے ، جبکہ منصوبے پر ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ یہ کام ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔اس کے علاوہ کمشنر عامر کریم خاں نے سماعت سے محروم بچوں کی معاونت کے لئے ڈویژن بھر میں خصوصی سروے کروا کر ایسے بچوں کی نشاندہی کی، جن کی سماعت جدید ہیئرنگ ایڈز کے ذریعے بہتر بنائی جا سکتی ہے ۔ مخیر حضرات اور ادارے بھی اس ہمدردانہ اقدام میں شامل ہوئے ، اور Pak-Arab Refinery Company (PARCO) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔۔کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں حکومت پنجاب کے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی رپورٹس پیش کیں، جبکہ دیگر ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔