پولیس کی غلط ویریفکیشن سے نوجوان روزگار سے محروم
قصبہ گجرات (نامہ نگار) قصبہ گجرات کے نوجوان محمد اقبال پولیس ریکارڈ میں سنگین غفلت اور غلط اندراج کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ۔۔۔
ملازمت کے حصول کے لیے جب محمد اقبال نے پولیس ویریفکیشن کرائی تو معلوم ہوا کہ ان کے نام کے ساتھ ایک مقدمہ ظاہر ہو رہا ہے ، جس کی اصل تفصیلات چوک سرور شہید تھانے میں درج ہیں۔ تاہم حیران کن طور پر مقدمے کے ساتھ محمد اقبال کا شناختی کارڈ نمبر منسلک ہے ، جس کے باعث وہ روزگار کے مواقع سے محروم ہو گئے۔متاثرہ نوجوان کے مطابق جب وہ اس ناانصافی کو درست کروانے کے لیے قصبہ گجرات تھانے گئے تو کہا گیا کہ تصحیح چوک سرور شہید تھانے سے ہوگی اور جب وہاں رابطہ کیا تو انہیں واپس قصبہ گجرات جانے کا مشورہ دیا گیا۔ یوں ایک بے گناہ شہری ایک تھانے سے دوسرے تھانے کے چکر لگاتے ہوئے ذلت اور پریشانی کا شکار ہو گیا۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس ریکارڈ میں غلط اندراج کی پوری ذمہ داری متعلقہ پولیس محکمے پر عائد ہوتی ہے اور ایک غریب شہری کو دفاتر کے چکر لگوانا اور اخراجات برداشت کروانا غیر منصفانہ ہے ۔ محمد اقبال اور مقامی شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او کوٹ ادو سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے غلط اندراج درست کیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بے گناہ شہری کو انصاف مل سکے ۔