مقررہ ٹرانسپورٹ کرایوں کی وصولی یقینی بنانے کیلئے کارروائیاں
24 گاڑیاں خلاف ورزی کی مرتکب،مسافروں کو اضافی وصول کی گئی رقم واپس
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تحت خصوصی ناکے قائم کیے گئے جہاں گاڑیوں کی چیکنگ جاری ہے ۔ کارروائی کے دوران 215 گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے 24 گاڑیاں اوورچارجنگ کی مرتکب پائی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے 20 گاڑیوں کے چالان کیے جبکہ 4 گاڑیوں کو بند کر دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 75 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 35 مسافروں کو 19 ہزار 800 روپے اضافی وصول کیا گیا کرایہ واپس دلایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عید کے دوران بھی اوورچارجنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔