ہیڈانبالہ کے قریب پولیس مقابلہ، ڈکو زخمی حالت میں گرفتار
ناکا بندی پر دو موٹرسائیکل سوار وں کی اتر کر الگ الگ ہوکر پولیس پر فائرنگ مقابلے کے بعد پکڑا جانیوالا ملزم عرف بلا ہسپتال منتقل ، دوسرا فرارہوگیا
ملتان (کرائم رپورٹر) تھانہ مظفرآباد کی چوکی القریش کے علاقہ ہیڈانبالہ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو دانش عرف بلا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق اہلکار گشت اور جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں ہیڈانبالہ کے مقام پر ناکہ بندی کر کے چیکنگ کر رہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد ارندہ روڈ کی جانب سے آتے دکھائی دیے ۔ پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو دونوں ملزمان موٹرسائیکل سے اتر کر علیحدہ ہو گئے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔پولیس اہلکاروں نے گاڑی کی اوٹ میں اور زمین پر لیٹ کر اپنی حفاظت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو ایک ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے قریب سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔زخمی ملزم نے اپنا نام دانش عرف بلا ولد شاہد قوم شیخ قریشی سکنہ محلہ قادریہ مل پھاٹک مظفرآباد ملتان بتایا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر ریسکیو 1122 کے ذریعے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔ واقعہ کی اطلاع اعلیٰ پولیس حکام کو بھی دے دی گئی ہے ۔