حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مصروف،احمدیار
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمدیار ہنجراء نے کہا ہے کہ۔۔۔
موجودہ حالات میں وفاقی اور پنجاب حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مختلف فلاحی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت معیشت کو مستحکم بنانے اور عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے جامع پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے ۔ملک احمدیار ہنجراء نے بتایا کہ رمضان سہولت بازاروں کا قیام، آٹے اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش پر سبسڈی، مستحق خاندانوں کے لیے مالی امداد کے پروگرام اور دیگر اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کے تحت چارج نرس، نرسنگ اسسٹنٹ، لیڈی ہیلتھ وزیٹر اور مڈوائف و کمیونٹی مڈوائف کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ملک احمدیار ہنجراء نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم، صحت، سڑکوں کی مرمت، سیوریج کے مسائل اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے بھی اہم اقدامات کر رہی ہے اور مسلم لیگ ن کی قیادت عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنائے ہوئے ہے ۔