پنجاب کالج بورے والا میں محفل نعت و افطار ڈنرتقریب
بورے والا(سٹی رپورٹر )پنجاب کالج بورے والا میں سالانہ محفل نعت و افطار ڈنر کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا
جس کے کے میزبان ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر مجید اکبر تھے جبکہ تقریب میں بطور مہمان خاص ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان ریجن ملک مشتاق ریحان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر دلاور حسین نے بھی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک مشتاق ریحان نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے ،تعلیمی ادارے صرف تعلیم کے مراکز نہیں بلکہ کردار سازی اور اخلاقی تربیت کے بھی اہم مراکز ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بابرکت تقریبات طلبہ میں دینی شعور، محبتِ رسول ؐ اور مثبت سماجی اقدار کو فروغ دینے کا باعث بنتی ہیں۔ پنجاب کالج کی انتظامیہ کا یہ اقدام قابل تحسین ہے کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مذہبی اور اخلاقی اقدار کو بھی فروغ دے رہی ہے ۔تقریب میں کالج انتظامیہ کی طرف سے درجہ چہارم ملازمین کو عید گفٹ پیک تقسیم کئے گئے ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر کرامت علی شکیل اور پروفیسر غزالہ خضر نے انجام دئیے ۔تقریب میں سابق پرنسپل زرعی یونیورسٹی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود ندیم، میاں محمد حفیظ،پرنسپل پنجاب کالج پروفیسر ایاز مشتاق شیخ، وائس پرنسپل پروفیسر محمد شفیق اور شہر کی نمائندہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔