عیدالفطر قریب،ریکارڈ توڑ مہنگائی ،غریب طبقہ شدیدپریشان
بارہ میل ،جودھ پور(نمائندہ دنیا)عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ۔۔۔
بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے عید کی خوشیاں منانا مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔بازاروں میں گاہکوں کا رش تو موجود ہے تاہم مہنگائی کے باعث زیادہ تر لوگ صرف اشیا کے نرخ معلوم کر کے واپس لوٹ جاتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق کپڑا، جوتا اور دیگر عید کی ضروری اشیا کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ عام آدمی کے لیے خریداری کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بعض مقامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ناکہ بندی کر کے شہریوں کو جرمانوں کے نام پر پریشان کیا جا رہا ہے جس سے عوام میں مزید بے چینی پیدا ہو رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں جس سے مہنگائی دوگنا محسوس ہو رہی ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مہنگائی پر قابو پانے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہے ۔علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکے ۔