عید قریب آتے ہی مصنوعی زیورات کی خریداری میں اضافہ

عید قریب آتے ہی مصنوعی زیورات کی خریداری میں اضافہ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) عیدالفطر کی آمد قریب آتے ہی خواتین اور بچیوں کی جانب سے تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے ۔

کپڑوں کی سلائی اور تیاری کے بعد اب خواتین کی توجہ میچنگ زیورات کی خریداری پر مرکوز ہو گئی ہے جس کے باعث بازاروں میں مصنوعی زیورات کی دکانوں پر خاصا رش دیکھنے میں آ رہا ہے ۔بازاروں میں رنگ برنگے مصنوعی زیورات کی چمک دمک خواتین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور مختلف ڈیزائن کے سیٹ، چوڑیاں، بالیاں اور ہار بڑی تعداد میں خریدے جا رہے ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ عید، شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں میچنگ زیورات پہننا اب فیشن کا حصہ بن چکا ہے ، اس لیے وہ اپنے کپڑوں کے مطابق زیورات خریدنے کو ترجیح دیتی ہیں۔دکانداروں کے مطابق اس سال مصنوعی زیورات کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت بیس سے تیس فیصد تک اضافہ ہوا ہے تاہم اس کے باوجود خریداری کا رجحان کم نہیں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ عید قریب آتے ہی خواتین اور بچیاں بڑی تعداد میں زیورات خریدنے کے لیے بازاروں کا رخ کر رہی ہیں۔دکانداروں کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ دور میں نوے فیصد سے زیادہ خواتین عید، شادی، دعوت اور دیگر تقریبات میں مصنوعی زیورات پہننا پسند کرتی ہیں کیونکہ یہ کم قیمت ہونے کے ساتھ خوبصورت اور جدید ڈیزائن میں آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں