کرپشن الزامات ، ڈپٹی کنٹرولر ملتان بورڈ معطل ، انکوائری شروع
رشوت کے الزامات پر محمد الیاس کے خلاف تعلیمی بورڈ میں باقاعدہ تحقیقات
ملتان (خصوصی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان میں مبینہ کرپشن سکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ کمشنر ملتان کے حکم پر انٹر برانچ کے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات محمد الیاس کو رشوت لینے کے الزام میں معطل کر دیا گیا اور ان کے خلاف باقاعدہ محکمانہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق شہری عمران ملک نے کمشنر ملتان، جو بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، کو شواہد کے ساتھ شکایت درج کروائی۔ الزام تھا کہ محمد الیاس نے نجی شخص وقاص بلوچ کے ذریعے درخواست گزار کی اہلیہ سے بیٹی کی مائیگریشن لاہور بورڈ منتقل کروانے کے عوض 65 ہزار روپے وصول کئے ۔ابتدائی انکوائری میں الزامات بادی النظر میں درست پائے گئے ۔ درخواست گزار کی اہلیہ متعدد بار دفتر آئی جہاں وقاص بلوچ نے مبینہ طور پر یقین دہانی کرائی کہ رقم کی ادائیگی پر مائیگریشن سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ رقم نقدی کے ذریعے منتقل کی گئی جبکہ ملزم افسر اور شکایت کنندہ کے درمیان فون کالز اور وائس میسجز کے شواہد بھی حاصل ہوئے ۔ دیگر افسروں کے بیانات نے وقاص بلوچ کی دفتر میں موجودگی اور ملزم کے ساتھ روابط کی تصدیق کی۔مراسلے میں کہا گیا کہ محمد الیاس کا طرز عمل قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے جو کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کے زمرے میں آتا ہے ۔