پنجاب میں سپر سیڈر پر ساٹھ فیصد سبسڈی کا اعلان
35 اضلاع کے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب، شرائط بھی جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحول دوست کاشتکاری کے فروغ کے لئے پنجاب کلین ایئر پروگرام شروع کر دیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت صوبے کے 35 اضلاع میں کاشتکاروں کو سپر سیڈر اور پاک سیڈر مشینری 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق اس سکیم میں لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، چنیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، کوٹ ادو، مظفرگڑھ اور اٹک شامل ہیں۔
درخواست گزار کے لئے کم از کم 65 ہارس پاور کے ٹریکٹر کا مالک ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کاشتکار اس سے قبل کسی ضلع سے اس مشینری پر سبسڈی حاصل نہ کر چکا ہو۔ ایک خاندان سے صرف ایک فرد اس سکیم کا اہل ہوگا۔ مزید برآں منتخب کاشتکار دیگر کسانوں یا سروس فراہم کرنے والوں کو کرایہ پر مشینری دینے کا پابند ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ الاٹمنٹ لیٹر جاری ہونے کے 10 دن کے اندر منظور شدہ کمپنیوں سے مشینری کی بکنگ کرانا لازمی ہوگی۔ خواہشمند کاشتکار درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا متعلقہ دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ مکمل درخواست فارم شناختی کارڈ کی کاپی اور ٹریکٹر ملکیت کے ثبوت کے ساتھ 15 جون 2026 تک جمع کرانا ہوگا۔