سرکاری سکولوں میں آن لائن حاضری منصوبہ مشکلات کا شکار

سرکاری سکولوں میں آن لائن حاضری منصوبہ مشکلات کا شکار

صرف 39 فیصد طلباء کی حاضری درج، کئی اضلاع کارکردگی میں پیچھے

ملتان(خصوصی رپورٹر)پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلباء کی آن لائن حاضری کا منصوبہ ابتدائی مرحلے میں ہی مشکلات کا شکار ہو گیا۔ جدید نظام متعارف کرانے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے اور بیشتر اضلاع میں حاضری کی شرح انتہائی کم رہی۔محکمہ سکولز کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں صرف 39 فیصد طلباء کی حاضری آن لائن درج کی جا سکی۔ مجموعی طور پر 95 لاکھ طلباء میں سے تقریباً 37 لاکھ کی حاضری ٹیب کے ذریعے ریکارڈ کی گئی۔کارکردگی کے لحاظ سے چنیوٹ 82 فیصد حاضری کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ جہلم 67 فیصد کے ساتھ دوسرے اور ننکانہ صاحب 66 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اس کے برعکس لاہور اور خانیوال سب سے پیچھے رہے ، جہاں صرف 20 فیصد طلباء کی آن لائن حاضری لگائی جا سکی۔

 خانیوال میں 3 لاکھ 29 ہزار طلباء میں سے صرف 61 ہزار جبکہ لاہور میں 5 لاکھ 68 ہزار میں سے محض ایک لاکھ طلباء کی حاضری ریکارڈ ہوئی۔محکمہ سکولز کے مطابق آن لائن حاضری کا یہ پائلٹ پراجیکٹ تاحال جاری ہے ، جس کا مقصد تعلیمی نظام کو ڈیجیٹل بنانا اور شفافیت میں اضافہ کرنا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ درپیش مسائل کو حل کر کے جلد 100 فیصد طلباء کی آن لائن حاضری یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں