بی آئی ایس پی ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل نظام سے کرنیکا فیصلہ

بی آئی ایس پی ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل نظام سے کرنیکا فیصلہ

مستحق خواتین ڈیجیٹل والٹ سمز فوری طور پر حاصل کرلیں: صائمہ بشیر

ملتان (لیڈی رپورٹر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ساوتھ زون پنجاب کی زونل ڈائریکٹر صائمہ بشیر نے کہا ہے کہ بینظیر کفالت پروگرام کی مستحق خواتین اپنی ڈیجیٹل والٹ سمز فوری طور پر بی آئی ایس پی دفاتر یا متعلقہ مراکز سے وصول کریں تاکہ آئندہ اقساط کی ادائیگی بروقت اور بغیر رکاوٹ کے ممکن ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مستحق خواتین کو جدید، محفوظ اور شفاف مالی نظام سے منسلک کرنے کے لیے ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرایا ہے ، جس کے تحت آئندہ تمام ادائیگیاں صرف اسی نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔صائمہ بشیر نے کہا کہ اس نظام سے خواتین کو مالی معاملات میں سہولت، شفافیت اور تحفظ حاصل ہوگا جبکہ ادائیگی میں تاخیر اور دیگر مسائل میں بھی کمی آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع ملتان میں مختلف مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں ملتان سٹی سنٹر PECTA چونگی نمبر 6، بی آئی ایس پی تحصیل دفتر ملتان صدر، گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس قاسم پور، یونین کونسل آفس بستی مٹھو شجاع آباد اور گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول 86/M جلال پور پیر والا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی سمز فعال رکھیں تاکہ ادائیگی اور تصدیقی معلومات بروقت حاصل ہو سکیں، اور صرف بی آئی ایس پی کے جاری کردہ سمز ہی قابل قبول ہوں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں