اسلامی معیشت سے استحکام اور روزگار ممکن:عبدالقدیراعوان
زکوٰۃ، عشر اور صدقات کے نظام سے بجٹ خسارہ ختم ہوسکتا :سربراہ تنظیم الاخوان
ملتان (کرائم رپورٹر)سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی معاشی نظام میں دولت ایک جگہ جمع نہیں رہتی بلکہ گردش کرتی ہے جس سے معاشی توازن برقرار رہتا ہے ۔انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ، عشر، صدقات اور فطرانہ کے نظام سے جمع شدہ سرمایہ دوبارہ معاشرے میں آتا ہے ، جس سے تجارت، کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سودی معیشت نے دنیا کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے ، اور پاکستان میں بھی قرضوں کا بڑا حصہ سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔
ان کے مطابق اسلامی نظام معیشت اپنانا ہی حقیقی حل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر زکوٰۃ کا مؤثر نظام نافذ کیا جائے تو قومی بجٹ کا خسارہ ختم ہو سکتا ہے اور ٹیکس کے بوجھ میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے ملکی معیشت کو تیزی سے بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کروائی۔