محرم الحرام، سوشل میڈیا صارفین کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
نفرت انگیز مواد پر سخت کارروائی ہوگی، واٹس ایپ گروپس کی نگرانی کا فیصلہ
وہاڑی(نمائندہ خصوصی) محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے وہاڑی پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کے لیے خصوصی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سوشل میڈیا اور واٹس ایپ صارفین اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی ایسی پوسٹ، ویڈیو، تصویر یا پیغام شیئر نہ کیا جائے جس سے فرقہ واریت، مذہبی منافرت یا اشتعال انگیزی پھیلنے کا خدشہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ گروپس کی مؤثر نگرانی کی جائے گی جبکہ مذہبی انتشار یا نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او تصور اقبال نے واٹس ایپ گروپ ایڈمنز کو ہدایت کی کہ یکم محرم سے 10 محرم تک اپنے گروپس میں اونلی ایڈمن سیٹنگ فعال رکھیں تاکہ غیر ضروری اور اشتعال انگیز مواد کی ترسیل روکی جا سکے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فرقہ وارانہ یا نفرت انگیز مواد نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔