حضرت عثمانؓ کی شہادت تاریخ کا المناک باب،علامہ فاروق
مدینہ کی حرمت کیلئے جان قربان کرنا عظیم مثال ہے ، مقررین
ملتان (کرائم رپورٹر)جماعت اہل سنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا ہے کہ جامع القرآن، دامادِ رسولؐ اور خلیفہ ثالث سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کی مظلومانہ شہادت تاریخ اسلام کا انتہائی المناک اور دردناک باب ہے ۔ آپؓ نے اپنی جان قربان کرکے مدینۃ الرسولؐ کی حرمت کا تحفظ کیا اور صحابہ کرامؓ کو اپنے دفاع میں ہتھیار اٹھانے سے بھی منع فرما دیا، جو اسلامی تاریخ کا ایک منفرد اور بے مثال واقعہ ہے ۔وہ پاک گیٹ میں سیدنا حضرت عثمان غنی ذوالنورینؓ کے 1422ویں یومِ شہادت کے سلسلے میں منعقدہ سالانہ مرکزی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب کی صدارت الحاج میاں آصف محمود نقشبندی نے کی جبکہ پیرزادہ ڈاکٹر شہوار مصطفی اویسی، پیر صوفی افضال حسین، مرزا ارشد القادری اور میاں شکیل احمد مہمانانِ خصوصی تھے ۔علامہ فاروق سعیدی نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ نے رسول اکرم ﷺ کے حکم پر کئی مواقع پر بے مثال سخاوت و فیاضی کا مظاہرہ کیا اور زبانِ رسالتؐ سے جنت کی بشارتیں حاصل کیں۔مفتی محمد میاں نوازی اور مفتی محمد عثمان پسروری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کے دورِ خلافت میں اسلامی سلطنت کو غیر معمولی وسعت حاصل ہوئی۔ ایران کی فتح، قبرص کی بحری مہم اور شمالی افریقہ کی فتوحات اس دور کے اہم کارنامے ہیں۔