نورشاہ تلائی میں واٹر ٹینکی غیر فعال، پانی کی فراہمی معطل
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) نواحی علاقے نورشاہ تلائی میں پینے کے صاف پانی کے لیے بنائی گئی واٹر ٹینکی طویل عرصے سے غیر فعال ہے۔۔۔
، جس کے باعث سینکڑوں مکین بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ شہریوں کو روزمرہ ضروریات کے لیے دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ہونا پڑ رہا ہے ۔دوسری جانب واٹر ٹینکی کے گرد تعمیر شدہ حفاظتی چاردیواری بھی مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ،اہلِ علاقہ کے مطابق روزانہ درجنوں بچے کھیلتے ہوئے ٹینکی کی سیڑھیوں پرچڑھ کربلند مقام تک پہنچ جاتے ہیں جہاں کسی بھی وقت معمولی سی لغزش ایک المناک حادثے کا سبب بن سکتی ہے جبکہ نہ تو کوئی گیٹ موجود ہے اور نہ ہی سکیورٹی گارڈ کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ اس صورتحال کے باعث یہ مقام بچوں اور دیگر شہریوں کے لیے انتہائی خطرناک بن چکا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر ٹینکی کو فوری طور پر فعال کیا جائے اور حفاظتی انتظامات مکمل کر کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔