چوک سرور شہید میں بی آئی ایس پی کا ڈائنامک سروے سنٹر بند
چھ ماہ سے مسلسل بندش ، ہزاروں مستحق خواتین مشکلات کا شکار، فوری بحالی کا مطالبہ
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چوک سرور شہید میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈائنامک سروے سنٹر 6 ماہ سے بند، ہزاروں مستحق خواتین مشکلات کا شکار، فوری بحالی کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق تحصیل چوک سرور شہید میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈائنامک سروے سنٹر گزشتہ تقریباً 6 ماہ سے بند ہے جس کے باعث غریب، بیوہ، معذور اور دیگر مستحق خواتین کو رجسٹریشن، ڈائنامک سروے ، کوائف کی تجدید اور دیگر امور کے لیے تقریباً 60 کلومیٹر دور کوٹ ادو جانا پڑ رہا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے شدید گرمی، مہنگائی اور سفری مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ سنٹر کس اتھارٹی کے حکم پر بند کیا گیا اور متبادل انتظام کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو، اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعلیٰ حکام، ڈویژنل کمشنر، چیف سیکرٹری پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزارت غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ اور وفاقی محتسب پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سنٹر فوری بحال کرکے مستقل عملہ تعینات کیا جائے۔