مون سون بارشیں،حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
ریسکیو 1122کی بارش، آندھی ممکنہ حادثات سے بچاؤ کیلئے گائیڈ لائنز جاری
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مظفرگڑھ عبیداللہ خان نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران مون سون بارشوں کا شدید سلسلہ متوقع ہے ، جس کے باعث تیز بارشوں اور آندھی کا امکان ہے ۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں اور دکانوں کی چھتوں پر موجود پرنالوں اور پانی کی نکاسی کے راستوں کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو۔ خستہ حال عمارتوں، کمزور چھتوں، دیواروں اور بالکونیوں کی بروقت مرمت کرائی جائے ، جبکہ سائن بورڈز، شیڈز، سولر پینلز، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر ڈھیلے ڈھانچوں کو مضبوطی سے نصب کیا جائے تاکہ تیز ہواؤں کے دوران حادثات سے بچا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گھروں، دکانوں اور دفاتر میں بجلی کی وائرنگ، سوئچز اور برقی تنصیبات کا معائنہ کروا کر خراب یا ننگی تاروں کو فوری درست کرایا جائے ۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور پانی میں موجود برقی آلات سے دور رہیں اور کسی بھی خطرناک صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ریسکیو 1122 کو دیں۔عبیداللہ خان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور زیر تعمیر عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ والدین بچوں کو بارش کے پانی، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے یا کھیلنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 مون سون کے دوران مکمل طور پر الرٹ ہے اور تمام ریسکیو اسٹیشنز، عملہ، گاڑیاں اور ضروری آلات ہر وقت امدادی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments