سندھ ہائیکورٹ : مقدمات میں منشیات کی تسلیم شدہ اصطلاحات استعمال کرنے کی ہدایت

سندھ ہائیکورٹ : مقدمات میں منشیات کی تسلیم شدہ اصطلاحات استعمال کرنے کی ہدایت

چیف سیکریٹری ، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس اور آئی جی کو تمام متعلقہ افسران کو انتظامی ہدایات جاری کرنے کا حکم ایف آئی آر، برآمدگی میمو، تفتیشی دستاویزات میں مسلسل ویڈ کی اصطلاح استعمال کرنا قانونی ابہام پیدا کرتا ہے،آبزرویشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار ملزم افتخار حسین کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے اہم آبزرویشن دی ہے کہ پولیس اور تحقیقاتی ادارے منشیات کے مقدمات میں ایف آئی آر، برآمدگی میمو اور دیگر سرکاری دستاویزات میں غیر قانونی اور عام بول چال کی اصطلاح ویڈ استعمال کرنے کے بجائے قانون میں تسلیم شدہ اصطلاحات کینابس، چرس، بھنگ یا گانجا استعمال کریں۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس اور آئی جی سندھ کو اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران کو انتظامی ہدایات جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد فیصل کمال عالم اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے تھانہ نیپیئر میں سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 2024 کے تحت درج مقدمے میں گرفتار ملزم افتخار حسین کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 2024 اور اقوام متحدہ کے سنگل کنونشن آن نارکوٹک ڈرگز 1961 میں ویڈ کی کوئی قانونی تعریف موجود نہیں۔ قانون صرف کینابس، چرس، بھنگ، گانجا اور دیگر متعین اصطلاحات کو تسلیم کرتا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی آر، برآمدگی میمو، تفتیشی دستاویزات اور دیگر سرکاری ریکارڈ میں مسلسل ویڈ کی اصطلاح استعمال کرنا قانونی طور پر ابہام پیدا کرتا ہے ، کیونکہ یہ قانون میں تسلیم شدہ اصطلاح نہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ فوجداری مقدمات میں قانونی اور تکنیکی طور پر صرف وہی اصطلاحات استعمال ہونی چاہئیں جو متعلقہ قانون میں موجود ہوں تاکہ مقدمات میں یکسانیت، قانونی وضاحت اور شفافیت برقرار رہے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ہدایت کی کہ آئندہ مقدمات میں پولیس اور دیگر تحقیقاتی ادارے ویڈ جیسی عام بول چال کی اصطلاح استعمال نہ کریں بلکہ برآمد شدہ مادے کی شناخت کیمیکل ایگزامنر یا فارنزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق قانون میں درج اصطلاحات، مثلاً کینابس، چرس، بھنگ یا گانجا سے کریں۔عدالت نے ملزم افتخار حسین کی بعد از گرفتاری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...