زکریا یونیورسٹی:ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج،ایڈمن بلاک سیل

زکریا  یونیورسٹی:ملازمین کا مطالبات کے حق میں  احتجاج،ایڈمن  بلاک  سیل

سروس سٹرکچر، ترقی ،الاؤنسز،انتظامی معاملات بلا تاخیر حل کئے جائیں،انتظامیہ نے متعدد بارمذاکرات میں یقین دہانیاں کرائیں،عملدرآمدنہ ہوا،ملازمین کا موقف

ملتان(خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی میں تین یونیز کا مطالبات کی منظوری کے لئے مشترکہ احتجاج، ایڈمن بلاک سیل، بجٹ اجلاس منعقد نہ ہونے دینے کا اعلان ، تفصیل کے مطابق بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ملازمین کی تین نمائندہ تنظیموں نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے مشترکہ احتجاج کرتے ہوئے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے دھرنا دیا، مرکزی انتظامی عمارت کا گھیراؤ کیا اور ایڈمن بلاک میں دفتری امور مکمل طور پر معطل کر دیئے ۔ احتجاج کے باعث کئی گھنٹوں تک انتظامی سرگرمیاں متاثر رہیں جبکہ ملازمین نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آج ہونے والے بجٹ اجلاس منعقد نہ ہونے دینے کا بھی اعلان کیا۔احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کی قیادت ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنما ملک صفدر حسین اور رانا مدثر مشتاق نے کی۔ اس موقع عہدیداروں اور بڑی تعداد میں ملازمین شریک ہوئے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کے دیرینہ مسائل مسلسل نظر انداز کئے جا رہے ہیں، جس کے باعث ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے متعدد بار مذاکرات اور مطالبات کی منظوری کی یقین دہانیاں کرائی گئیں، تاہم عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث ملازمین احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تمام جائز اور طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات فوری طور پر منظور کئے جائیں، ترقیوں، سروس اسٹرکچر، الاؤنسز اور دیگر انتظامی معاملات کو بلا تاخیر حل کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایڈمنسٹریشن بلاک کے داخلی راستوں پر دھرنا دے کر دفتری امور روک دیئے ، جس کے باعث متعدد دفاتر میں کام معطل رہا اور سائلین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر رہنماؤں نے واضح اعلان کیا کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور پر مذاکرات کرکے مطالبات تسلیم نہ کئے تو آج ہونے والا ہونے والا بجٹ اجلاس بھی پرامن احتجاج کے ذریعے منعقد نہیں ہونے دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...