گڈگورننس کیلئے اقدامات تیز، غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ

گڈگورننس کیلئے اقدامات تیز، غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ

بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، صفائی، سیوریج، پرائس کنٹرول اور مون سون انتظامات مزید مؤثر بنانے کا حکم

ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی، سیوریج، شہری انفراسٹرکچر، پرائس کنٹرول، تجاوزات کے خاتمے اور مون سون انتظامات سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واسا، میونسپل کارپوریشن، ایم ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو سیوریج، صفائی اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر واسا، ریسکیو 1122، محکمہ ایریگیشن اور دیگر اداروں کو اپنی مشینری، افرادی قوت اور ہنگامی انتظامات ہر وقت فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے \\\"ستھرا پنجاب\\\" پروگرام کے تحت صفائی آپریشن مزید مؤثر بنانے ، شہر کو زیرو ویسٹ ہدف کی جانب لے جانے اور تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مہم تیز کرنے ، گرانفروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور شہریوں کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔انہوں نے تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے پیرا فورس، ایم ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو فیلڈ میں متحرک رہنے ، عوامی مسائل کا فوری حل یقینی بنانے اور شفاف و مؤثر سروس ڈلیوری فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...