ترقی یافتہ اساتذہ کیلئے ای ٹرانسفر راؤنڈ، شیڈول جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے ترقی پانے والے اور ویٹنگ پوسٹنگ کے منتظر اساتذہ کو تعیناتی کا ایک اور موقع فراہم کرنے کے لئے ای ٹرانسفر راؤنڈ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
اس سلسلے میں تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ای ٹرانسفر راؤنڈ ان اساتذہ کے لئے ہوگا جو ترقی حاصل کرنے کے باوجود تعینات نہیں ہو سکے یا ویٹنگ پوسٹنگ پر ہیں۔ شیڈول کے تحت 3سے 5اگست 2026 تک آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی، 6 اور 7 اگست کو دستاویزات کی جانچ پڑتال، 8 اگست کو اعتراضات کا ازالہ جبکہ 11 اگست 2026 کو کامیاب امیدواروں کے تعیناتی کے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔محکمہ نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ ترقی پانے والے اساتذہ کو بروقت سکول انفارمیشن سسٹم (ایس آئی ایس) پر ٹیگ کیا جائے تاکہ ٹرانسفر کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل ہو سکے ۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ترقی یافتہ یا ویٹنگ پوسٹنگ پر موجود استاد مقررہ تعداد میں ترجیحات درج نہ کرے یا درخواست جمع نہ کرائے تو محکمانہ پالیسی کے تحت اسے کسی بھی دستیاب خالی آسامی پر تعینات کیا جا سکے گا۔ ضلعی تعلیمی افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ اساتذہ کو بروقت آگاہ کریں ۔تاکہ درخواستوں اور تعیناتی کا عمل مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments