دربار اپگریڈیشن :ڈیڈلائن کے باجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا
منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث ٹریفک متبادل راستوں پر منتقل
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت کی جانب سے بھاٹی گیٹ اور دربار اپگریڈیشن منصوبے کے تحت تعمیر کیے جانے والے انڈر پاس کو 30 جولائی تک مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھولنے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ٹیپا کے زیرِ نگرانی تعمیر ہونے والے انڈر پاس پر تعمیراتی سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں۔ انڈر پاس کے داخلی اور خارجی راستوں پر حفاظتی بیریئرز نصب ہیں، جس کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند رکھی گئی ہے ۔موقع پر جاری کاموں کے مطابق انڈر پاس کے اندر اور اطراف میں فنشنگ، تزئین و آرائش اور دیگر تکمیلی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں، جبکہ تعمیراتی سامان بھی مختلف مقامات پر موجود ہے ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ منصوبہ ابھی مکمل نہیں ہوا۔منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث آزادی چوک سے بھاٹی گیٹ کی جانب آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں اضافی مشکلات کا سامنا ہے ۔منصوبے کی تکمیل اور باقاعدہ افتتاح کی نئی تاریخ بھی ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments