بی زیڈ یو ملازمین کی احتجاجی تحریک، مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ
ترقیوں، مستقلی اور دیگر مطالبات کیلئے تین اگست کو پرامن احتجاج کا اعلان کیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 3 اگست 2026 کو صبح 11 بجے ایڈمن بلاک (کرش ہال) میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ایسوسی ایشن کے صدر ملک صفدر حسین اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر مشتاق نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کے مسائل کے حل میں مسلسل تاخیر کر رہی ہے اور بجٹ، آسامیوں اور انتظامی وجوہات کو بنیاد بنا کر معاملات مؤخر کئے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر انتظامی امور فوری نمٹائے جاتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ملازمین نے جونیئر کلرک، اسسٹنٹ، لیبارٹری سٹاف، سٹور کیپرز، کمپیوٹر آپریٹرز، ڈیٹا انٹری آپریٹرز، پروگرامرز، سب انجینئرز، ایڈمن آفیسرز اور دیگر کی پروموشنز، ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی، گریڈ ایک تا 16 ٹائم سکیل پروموشن، گریڈ ایک تا چار ملازمین کے لئے 20 فیصد کوٹہ کے تحت ترقی، سکیورٹی سٹاف کو یونیفارم، جیکٹ اور بوٹ، رہائشی کالونی کی مرمت، لیو انکیشمنٹ، بونس و اعزازیہ میں اضافہ، ٹرانسپورٹ روٹس کی بحالی اور وفات کی صورت میں بس کی فراہمی سمیت متعدد مطالبات فوری منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی، جس میں قلم چھوڑ ہڑتال اور پہیہ جام جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ ملازمین سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments