ڈی پی اوخانیوال اور ڈپٹی کمشنر کا چہلم انتظامات کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں ضلع خانیوال پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات مزید مؤثر بنا دئیے ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد اور ڈپٹی کمشنر حناء ارشد نے کچاکھوہ اور دولت پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایس ڈی پی او جہانیاں عبدالمجید، ایس ایچ او راشد ندیم اور سی ایس او رائے فرحت نواز بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی پوائنٹس اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا تاکہ عزاداروں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس موقع پر دونوں افسران نے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
منتظمین نے خانیوال پولیس کی جانب سے کیے گئے فول پروف انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی پی او محمد عابد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چہلم کے موقع پر مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکار ذمہ داری، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ ڈپٹی کمشنر حناء ارشد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی رابطے سے تمام انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments