بی زیڈ یو رجسٹرار تنازع، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا احتجاج

بی زیڈ یو رجسٹرار تنازع، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا احتجاج

اساتذہ کا انکوائری، سلیکشن بورڈ کا مطالبہ، رجسٹرار نے الزامات مسترد

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے ) نے رجسٹرار (ایڈیشنل چارج) اعجاز احمد کے مبینہ غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات، انتظامی کارروائی اور فیکلٹی پروموشنز کے لئے سلیکشن بورڈ کے فوری انعقاد کا مطالبہ کیا ہے ۔ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق اساتذہ پر مشتمل ایک وفد، جس میں سینڈیکیٹ ارکان اور خواتین و مرد فیکلٹی ممبران شامل تھے ، فیکلٹی پروموشنز، سلیکشن بورڈ کے انعقاد اور خالی اسامیوں کے اشتہارات کے اجرا سے متعلق مطالبات پیش کرنے رجسٹرار آفس پہنچا۔

اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا کہ ملاقات کے دوران رجسٹرار نے مبینہ طور پر وفد کی اجازت کے بغیر موبائل فون سے ویڈیو ریکارڈنگ شروع کی، جس پر وفد نے اعتراض کیا اور اسے خواتین اساتذہ کی پرائیویسی اور پیشہ ورانہ ماحول کے منافی قرار دیا۔اے ایس اے نے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف انکوائری کرائی جائے ، تحقیقات مکمل ہونے تک رجسٹرار سے اضافی چارج واپس لیا جائے ۔، جبکہ فیکلٹی پروموشنز، سلیکشن بورڈ اور خالی اسامیوں سے متعلق معاملات فوری حل کئے جائیں۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آئینی اور قانونی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔دوسری جانب رجسٹرار اعجاز احمد نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفد سے تقریباً 40 منٹ تک سلیکشن بورڈ اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق وائس چانسلر کی آمد پر مطالبات پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جبکہ ان کا دفتر سے جانا ایک ہنگامی گھریلو مجبوری کے باعث تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...