ملتان میں جوس پلانٹ پر فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 20 من آم تلف
گلے سڑے آموں سے پلپ، جوس تیار کیا جانا تھا، پلانٹ کو 5 لاکھ روپے جرمانہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں جوس پلانٹ سے 20 من گلے سڑے اور بدبودار آم برآمد کرکے تلف کردیئے جبکہ پلانٹ کو 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں کارروائی ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر کی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے جوس پلانٹ کے معائنے کے دوران بھاری مقدار میں غیر معیاری اور بدبودار آم برآمد کئے ، جن سے مینگو پلپ اور جوس تیار کیا جانا تھا۔معائنے کے دوران کولڈ سٹور میں حشرات کی بھرمار اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات بھی پائے گئے ۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری آم تلف کرتے ہوئے پلانٹ انتظامیہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں جعل سازی، ناقص اشیا کے استعمال اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور فوڈ سیفٹی قوانین نظر انداز کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments