غازی پور میں تجاوزات، گرانفروشی کیخلاف پیرا فورس کا آپریشن
متعدد دکانداروں کو جرمانے ، سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنیکی ہدایت
جلال پور پیروالہ (نامہ نگار) غازی پور میں ناجائز تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف پیرا فورس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو نوٹس اور جرمانے عائد کیے ۔ تفصیل کے مطابق نواحی علاقے غازی پور میں اسسٹنٹ کمشنر جلال پور سعد صہیب سرور کی ہدایات پر انفورسمنٹ آفیسر محمد بلال نے پیرا فورس ٹیم کے ہمراہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارروائیاں کیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد دکانداروں کی جانب سے سرکاری حدود میں قائم غیر قانونی تجاوزات ختم کروا کر انہیں وارننگ جاری کی گئی۔ علاوہ ازیں مختلف دکانوں پر حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فروخت کا جائزہ لیا گیا۔ چیکنگ کے دوران بعض دکاندار مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے اور نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے کے مرتکب پائے گئے ، جن پر موقع پر جرمانے عائد کیے گئے ۔ پیرا فورس انچارج محمد بلال نے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروخت کرنے اور نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ خلاف ورزی پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments