فائر سیفٹی غفلت ناقابل برداشت،نشتر یونیورسٹی میں سخت اقدامات کا فیصلہ

فائر سیفٹی غفلت ناقابل برداشت،نشتر یونیورسٹی میں سخت اقدامات کا فیصلہ

مریضوں، طلبہ اور عملے کی حفاظت کیلئے فائر و الیکٹریکل سیفٹی اقدامات کو 100فیصد یقینی بنایا اورریسکیو 1122کے باہمی تعاون سے فائر سیفٹی تربیت اور مشقیں کرائی جائیں گی، اجلاس

ملتان (لیڈی رپورٹر)فائر سیفٹی غفلت ناقابل برداشت، نشتر یونیورسٹی انتظامیہ کا سخت اقدامات کا فیصلہ۔تفصیلات کیمطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں مریضوں، طلبہ، فیکلٹی اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فائر اینڈ الیکٹریکل سیفٹی اقدامات کا جامع جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کی جس میں ریسکیو 1122 کے نمائندگان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں یونیورسٹی سے منسلک اداروں میں فائر سیفٹی انتظامات، فائر فائٹنگ آلات کی دستیابی و فعالیت، ہنگامی اخراج کے راستوں، ایمرجنسی ایگزٹ سائنز، اسمبلی پوائنٹس اور فائر سیفٹی تربیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، چلڈرن ہسپتال، پاک اٹالین ماڈرن برن سنٹر، نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری، کالج آف نرسنگ، نشتر ہسپتال، کالج آف فارمیسی اور ہاسٹلز میں حفاظتی انتظامات کا ادارہ وار جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آئی سی یو، او ٹی، این آئی سی یو، کیتھ لیب، بیسمنٹ، لیبارٹریز، کیمیکل اسٹوریج اور دیگر حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ ریسکیو 1122 کے نمائندگان نے فائر ایکسٹنگوشرز، فائر بلینکس، فائر ماسکس، بیٹری سے چلنے والے روشن ایگزٹ سائنز، محفوظ انخلاء کے راستوں اور باقاعدہ موک ڈرلز کی اہمیت پر زور دیا۔ تمام متعلقہ افسران، سربراہان اور پرنسپلز کو حفاظتی اقدامات پر ’’سو فیصد عملدرآمد‘‘ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ریسکیو 1122 نے تمام متعلقہ اداروں میں مشترکہ فائر سیفٹی موک ڈرلز اور تربیتی سیشنز کے انعقاد میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے ہدایت کی کہ جن اداروں میں فائر سیفٹی موک ڈرلز نہیں ہوئیں، وہاں ریسکیو 1122 کے تعاون سے فوری مشقیں کرائی جائیں اور سات روز کے اندر تصاویر سمیت رپورٹ وائس چانسلر آفس میں جمع کرائی جائے ۔ انہوں نے تمام فیکلٹی، عملے اور طلبہ کو سول ڈیفنس کی آن لائن فائر سیفٹی ٹریننگ 15 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔۔ نشتر ہسپتال میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کیلئے واسا سے فالو اَپ جبکہ آئی سی یو بیسمنٹ سے ہنگامی اخراج کیلئے میٹل برج کی تعمیر کے سلسلے میں محکمہ مواصلات و تعمیرات سے رابطہ یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ادارے فائر سیفٹی اقدامات پر پندرہ روزہ پیش رفت رپورٹ باقاعدگی سے جمع کرائیں گے اور ضروری حفاظتی آلات کی دستیابی یقینی بنائیں گے ۔ وائس چانسلر نے واضح کیا کہ مریضوں، طلبہ اور عملے کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور فائر و الیکٹریکل سیفٹی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...