بجلی چوروں ، نادہندگان کیخلاف کارروائیاں، تنصیبات منقطع
ساڑھے 11لاکھ روپے کی عدم ادائیگی، 2ٹیوب ویلوں کی بجلی کاٹ دی گئی
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی( میپکو) کے بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف آپریشن سرکلوںمیں ڈسکو سپورٹ ٹیموں نے رینجرز اور میپکو افسروں و اہلکاروں کے ہمراہ بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے متعدد کنکشن منقطع کر دئیے ، پی وی سی تار اتارلئے گئے ، بجلی چوری کے مقدمات درج کئے گئے جبکہ لاکھوں روپے کے واجبات بھی وصول کئے گئے ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی اورونگ کمانڈررینجرز کی نگرانی میں سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن میں رینجرز اور میپکو افسر و اہلکاروں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ایس ڈی او سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن کی سربراہی میں نورِ والی میں ایک ایسے کنکشن پر براہِ راست بجلی استعمال کی جا رہی تھی جس کا میٹر پہلے ہی منقطع کیا جا چکا تھا جس پر پی وی سی اتار دیئے گئے ۔ اسی علاقے میں صارف جام امان اللہ کے گھر پر نہ میٹر موجود تھا اور ڈائریکٹ تار لگاکر بجلی استعمال کرنے کے ساتھ مزید دو گھروں کو بھی غیر قانونی سپلائی دی جا رہی تھی جس کی پی وی سی بھی اتاری گئی۔حسن کالونی میں بھی ڈیفالٹر کے گھر کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی ۔ اسی دوران ایک بڑے گھر میں میٹر سے پہلے مین پی وی سی اور لوڈ پی وی سی کو آپس میں جوڑ کر براہِ راست بجلی چوری کرنے کا انکشاف بھی ہواجہاں بھاری لوڈ استعمال کیاجارہاتھا جس کے خلاف قانونی اور ڈیٹیکشن کارروائی جاری ہے ۔میپکو ٹیم نے ٹیوب ویل کنکشنز کی چیکنگ کے دوران 11لاکھ 50ہزار روپے واجبات کے 2مستقل نادہندہ زرعی کنکشنوں کی بجلی منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اور بجلی تنصیبات اُتارلیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments