وہاڑی یوتھ گیمز، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن 25 ستمبر تک جاری
ڈپٹی کمشنر کا اجلاس، مختلف سطحوں پر ٹرائلز اور مقابلوں کا شیڈول دیا گیا
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026ء کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیرصدارت ہوا، جس میں کھیلوں کی کیٹیگریز، شیڈول اور کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یوتھ گیمز کے انعقاد کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور کھلاڑی 25 ستمبر 2026ء تک پورٹل پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ ایک کھلاڑی صرف ایک کھیل میں حصہ لے سکے گا۔انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب مختلف سطحوں پر ٹرائلز کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ مقابلے سات مراحل میں ہوں گے ۔ ادارہ جاتی ٹرائلز 7 سے 13 اکتوبر تک ہوں گے ۔ یونین کونسل سطح پر 10 سے 15 سال عمر کے بچوں کے مقابلے 23 سے 26 اکتوبر، تحصیل سطح پر 13 سے 17 سال کے کھلاڑیوں کے مقابلے 2 سے 5 نومبر، جبکہ ضلعی سطح پر انڈر 21 انٹر کالجز مقابلے 9 سے 12 نومبر تک ہوں گے ۔ ڈویژنل سطح پر انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے 17 سے 20 نومبر اور صوبائی سطح پر انٹر ڈویژن مقابلے یکم سے 5 دسمبر تک منعقد کیے جائیں گے ۔یوتھ گیمز میں سرکاری و نجی سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، نان فارمل اور لیبر سکولز، سپیشل ایجوکیشن، دینی مدارس اور ٹیوٹا کے کھلاڑی حصہ لیں گے ۔ مڈل سکول سطح پر ایتھلیٹکس اور ٹیپ بال کرکٹ، ہائی سکول سطح پر ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ٹیپ بال کرکٹ، کبڈی، ریسلنگ اور رسہ کشی شامل ہیں۔ کالج و یونیورسٹی سطح پر ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، شطرنج، کرکٹ، فٹبال، ہاکی، کبڈی، کراٹے ، والی بال، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، رسہ کشی اور ریسلنگ سمیت مختلف کھیل ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments