پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ، 16 سکولوں میں کرکٹ یونیفارم تقسیم
سکول کرکٹ پروگرام سے گراس روٹ لیول پر کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ‘‘سکول کرکٹ فیز ٹو’’ کے سلسلے میں ملتان ڈسٹرکٹ کے 16 سکولوں میں کرکٹ یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب بہاؤالدین زکریا ای لائبریری ملتان میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان میڈم نزہت پروین اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم تھے ۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر سکول کرکٹ محمد منظور لطیفی، ڈسٹرکٹ کوچ طاہر محمود فیض، نائب صدر ڈی سی اے شیخ محمد ارشاد سونی، فوکل پرسن ایجوکیشن سپورٹس بہاول قیوم، شاہد نواز، محمد عرفان اور محمد مرسلین بھی موجود تھے ۔میڈم نزہت پروین نے کہا کہ سکولوں کی سطح پر طلبہ کو بہترین سہولیات کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا پی سی بی کا قابل تحسین اقدام ہے ۔ طلبہ کو ذہنی سرگرمیوں کے ساتھ جسمانی سرگرمیوں کا عادی بنانا ضروری ہے تاکہ وہ سوشل میڈیا سے نکل کر کھیلوں کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔ڈی ایس او عدنان نعیم نے کہا کہ کرکٹ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہے ۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ بچوں اور نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔کوآرڈینیٹر محمد منظور لطیفی نے بتایا کہ گزشتہ سال ملتان ڈسٹرکٹ کے 9 سکولوں نے ایونٹ میں شرکت کی تھی، جبکہ اس سال 16 سکول شریک ہیں۔ پی سی بی تمام سکولوں کو یونیفارم، کھیلوں کا سامان، لنچ اور دیگر سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments